Parents Of Hazrat Muhammad (P.B.U.H)
حضرت عبداللہ ابن عبدالمطلب
حضرت عبداللہ ابن عبدالمطلب حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے والد تھے۔ آپ 545ء میں پیدا ہوئے۔ آپ کی والدہ کا نام فاطمہ بنت عمرو تھا اور ان کا نسب حضرت عبداللہ کے ساتھ مرہ بن کعب پر جا کر مل جاتا ہے۔ آپ دینِ حنیف (دینِ ابراہیمی) پر قائم تھے۔ اگرچہ ان کے اسلام کے بارے میں مختلف رائے ہیں مگر یقینی طور پر ان کی بت پرستی اور کسی اخلاقی برائی (جو ان دنوں عرب میں عام تھیں) کی کوئی ایک روایت بھی نہیں ملتی۔ آپ مومن تھے اور اسلام پر قائم تھے جو اس وقت دینِ ابراہیمی کی صورت میں موجود تھا۔ آپ اپنی خوبصورتی کے لیے بے انتہا مشہور تھے اور بہت خواتین نے ان کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کی یا ان سے عقد کی خواہش کی مگر پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی والدہ محترمہ بننے کی سعادت حضرت آمنہ بنت وھب علیہا السلام کی قسمت میں لکھی تھی۔ جو بنی زھرہ کے سردار کی بیٹی تھیں۔ حضرت عبداللہ ابن عبدالمطلب بہت کم عمری (تقریباً پچیس سال) کی عمر میں 570ء میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی پیدائش سے تقریباً چھ ماہ پہلے مدینہ اور مکہ کے درمیان سفر کرتے ہوئے وفات پا گئے۔ وہ شادی کے کچھ ہی عرصہ بعد ایک تجارتی قافلہ کے ساتھ شام کو روانہ ہوئے تھے مگر یثرب(مدینہ) میں بیماری کی وجہ سے آرام کرنے کے لیے رک گئے تھے۔ جب شام کا تجارتی قافلہ مکہ واپس آیا تو حضرت عبدالمطلب اور حضرت آمنہ نے حضرت عبداللہ کو نہ پایا۔ انہیں پتہ چلا کہ وہ یثرب(مدینہ) میں بیمار ہو کر رک گئے تھے۔ حضرت عبدالمطلب نے اپنے ایک بیٹے حارث بن عبدالمطلب کو مدینہ بھیجا تاکہ وہ حضرت عبداللہ کو لے آئیں مگر وہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ وہ وفات پا چکے ہیں۔ حضرت عبداللہ ان کا نام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لفظ اللہ اسلام سے پہلے بھی رائج تھا اور اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ وہ اور ان کے والد یا خاندان اللہ پر یقین رکھتا تھا
حضرت آمنہ بنت وھب
حضرت آمنہ بنت وھب (عربی میں آمنة بنت وهب ) حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی والدہ محترمہ کا نام ہے۔ آپ کا تعلق قبیلہ بنو زھرۃ سے تھا جو قریش ہی کا ایک ذیلی قبیلہ تھا۔ آپ کا سلسلہ نسب حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے جدِ امجد عبد مناف بن قصی سے ملتا ہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے والد عبداللہ بن عبدالمطلب شادی کے کچھ عرصہ بعد حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی پیدائش سے تقریباً چھ ماہ پہلے وفات پا گئے۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم حضرت آمنہ کے زیرِ پرورش رہے۔ حضرت آمنہ مکہ اور یثرب (مدینہ) کے درمیان ایک سفر کے دوران ابواء کے مقام پر وفات پا گئیں۔ یہ 577ء تھا اور حضرت آمنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو یثرب (مدینہ) لے جا رہی تھیں تاکہ وہ اپنے ماموں سے ملیں اور اپنے والد عبداللہ بن عبدالمطلب کی قبر کی زیارت بھی کریں۔
آپ اپنے قبیلہ میں سیرت النساء کے نام سے مشہور تھیں۔۔
آپ اپنے قبیلہ میں سیرت النساء کے نام سے مشہور تھیں۔۔